ملیر بند کے قریب قبرستان کی زمین پر لینڈ مافیا قابض

163

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر بند کے ساتھ قبرستان کی زمین پر لینڈ مافیا قابض ہوگئی۔کے ایم سی اور ضلعی انتظامیہ بھی لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی سے گریز کررہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملیر مرغی خانہ ،لائق آباد ملیر بند کے ساتھ 52ایکڑ اراضی قبرستان کے لیے مختص تھی لیکن لینڈ مافیا اس پر گزشتہ 5برس سے قبضہ کررہی تھی اور رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے سابق ایڈمنسٹریٹر و دیگر افسران کے ہمراہ دورہ کرکے قبرستان کی زمین پرقبضے کا نوٹس لیاتھا جبکہ لینڈ مافیا کے قبضے کے بعد بھی کے ایم سی ،ڈی ایم سی ملیر کے ساتھ ضلع انتظامیہ ملیر بھی علاقہ
مکینوں کے دیرینہ مطالبے پر کارروائی سے گریز کررہی ہے جبکہ علاقہ مکینوں نے ڈی جی رینجرز اور نیب سے بھی کارروائی کے لیے خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے انجمن تاجران قائد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کی اراضی پر قائم ریور ویلی ،حمل گوٹھ ،آغا ٹاؤن، کو مسمار کرکے اراضی خالی کراکر مرغی خانہ ،لائق آباد، جمال ابراہیم ،گلستان کالونی ،خلد آباد ،عرفات ٹاؤن ،بیچم ٹاؤن ،مدینہ کالونی اور قائد آباد کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے ۔