نتنازع بیانات دینے والے ٹرپ کی میکسیکو کے صدر سے ملاقات

112

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) متنازع بیانات سے دنیا بھر میں اپنے دشمن پیدا کرنے والے امریکی صدارتی امیدوار ٹرمپ نے میکسیکو کے صدر سے ملاقات کی۔ قبل ازیں امریکی صدارتی الیکشن کے لیے ری پبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ وہ صدر منتخب ہونے کے بعد غیرقانونی تارکین وطن کی بیدخلی کے لیے کریک ڈاؤن شروع کریں گے۔ وہ میکسکن تارکین وطن کے بارے میں بھی انتخابی مہم کے دوران سخت الفاظ کے حامل خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔ امریکی تجزیہ کاروں کے مطابق اِسی تناظر میں ٹرمپ نے میکسیکن صدر کی دعوت قبول کی ہے۔ گزشتہ روز ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اِس ملاقات کی دعوت انہیں میکسیکو کے صدر نے دی ہے۔ اْدھر میکسیکو سٹی سے جاری ہونے والے ایک حکومتی بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ اور صدر نیٹو کی ملاقات نجی ہے۔ تقریباً ایک ماہ قبل انہوں نے امریکی الیکشن میں رپبلکن سیاستدان سے ملاقات کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ میکسیکن صدر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات دنیا کے مفاد میں عمومی طور پر اور میکسیکو کی عوام کے تحفظ و بھلائی کے لیے خاص طور پر طے کی گئی ہے۔ چند ماہ قبل اینرق پینا نیٹو نے ری پبلکن پارٹی کے سیاستدان کو اْن کے تلخ بیانات کے تناظر میں مسولینی کے مساوی قرار دیا تھا۔ انتخابی مہم کے دوران امریکی سیاستدان نے میکسکن مہاجرین کو منشیات کا کاروبار اور جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے والے قرار دیا تھا۔ کچھ ہفتے قبل ٹرمپ نے اپنے دل آزاری کے بیانات پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔ ٹرمپ کے میکسیکن مہاجرین کے خلاف دیے گئے بیانات کے تناظر میں میکسکن میڈیا بھی ٹرمپ مخالفت میں پیش پیش ہے۔ یہی میڈیا کہہ رہ ہے کہ اینرق پینا نیٹو اپنی مقبولیت میں اضافے کے سلسلے میں ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ امریکی صدارتی انتخابات کی مہم میں ارب پتی سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کے کئی بیانات سیاسی حلقوں نے متنازع قرار دیے ہیں۔ وہ اس وقت اپنی بھرپور کوشش میں ہیں کہ رائے عامہ کے جائزوں میں اپنی مخالف امیدوار ہیلری کلنٹن کے برابر آسکیں۔ کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزد امیدوار ہیں۔ موجودہ انتخابی مہم میں یہ دوسرا موقع ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بین الاقوامی سیاسی منظر پر سامنے آئیں گے۔ میکسیکن صدر سے ملاقات سے قبل وہ اسکاٹ لینڈ گئے تھے۔ اسکاٹ لینڈ کے دورے پر اْن کا وہ بیان چھایا رہا جو انہوں نے یورپی یونین میں برطانوی رکنیت کے تناظر میں دیا تھا۔
ٹرمپ / میکسیکن صدر