کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں بیٹرمنٹ چارجز سے حصہ ادا کیا جائے،واٹربورڈ

179

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے ڈائریکٹر ملٹری لینڈاینڈ اسٹیٹ کراچی سے درخواست کی ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں تجارتی، رہائشی وکثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرات کے نقشوں کی منظوری اور پلاٹوں کی کمر شلائزیشن کر نے کی مد میں وصول کردہ رقومات بیٹرمنٹ چارجز میں سے واٹربورڈ کو اس کا حصہ ادا کیاجائے۔ حکومتی فیصلے کے مطابق جنوری 2006ء سے 30 فیصد حصہ ملنا چاہیے۔ایک مکتوب کے ذریعے انہوں نے کہا ہے کہ اس ضمن میں 2010ء سے اب تک کنٹونمنٹ ،ملٹری اور واٹربورڈ حکام کے درمیان کوارٹر ماسٹر جنرل، 5کور ہیڈ کوارٹر اور اسٹیشن ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقدہوچکے ہیں، کنٹونمنٹ ایریا میں وصول کیے جانے والے واٹرچارجز واٹربورڈ کے واٹرٹیرف سے کہیں زیادہ ہیں جبکہ واٹربورڈ کو پانی شہر تک اور پھر دستیاب پانی کو شہریوں تک پہنچانے میں کہیں زیادہ اخراجات برداشت
کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی مشاہدے میں آئی ہے کہ کنٹونمنٹ بور ڈکے علاقوں میں کثیرالمنزلہ عمارتیں تعمیر کی جاچکی ہیں اور بعض کی جارہی ہیں، ان عمارتوں کی تعمیر کی منظوری واٹربورڈ کی منظوری سے مشروط ہے تاہم ان کے بغیر ہی کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ آئندہ کثیر المنزلہ عمارتوں کو منظوری کے سرٹیفکیٹ کا اجرا واٹربورڈ کی این او سی اور واجبات ادائیگی کے سرٹیفکیٹ کے بغیر نہیں جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے فیصلے کے مطابق کثیر المنزلہ اور کمرشل عمارتوں کی تعمیر کے وقت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے لیے گئے کمرشلائزیشن اور بیٹر منٹ چارجز میں جنوری 2006ء سے 30فیصد حصہ واٹربورڈ کوملنا چاہیے ،اس ضمن میں مزید درخواست کی جاتی ہے کہ کنٹونمنٹ ایریا میں تعمیر کی جانے والی کثیر المنزلہ عمارتوں کوجاری کیے گئے بلڈنگ پلان کی فہرست فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نقشوں کی منظوری اور پلاٹوں کی کمر شلائزیشن کے وقت جو چارجز وصول کیے جاتے ہیں وہ دراصل شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ہوتے ہیں، شہری سہولیات کی فراہمی میں سب سے اہم پانی کی فراہمی اور گندے پانی کی نکاسی کے لیے انفرااسٹرکچر کی فراہمی ہوتی ہے ا س لیے سسٹم کی بہتری کے لیے وصول کردہ چارجز میں سے واٹر بورڈ کو منا سب حصہ اد ا کیا جائے ، واٹر بورڈ شہر میں پانی کی لائنیں اورسیوریج لائنوں کے انفرا اسٹرکچر کی تنصیب کرنے والا شہر کا سب سے اہم ادارہ ہے جو پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کا ذمے دار ہے، ادارے کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام ہزاروں چھوٹی بڑی لائنوں ،بے شمار فلٹر پلانٹس، پمپنگ اسٹیشن ، ٹریٹمنٹ پلانٹس اور ریزر وائر پر مشتمل ہے جس کی تنصیب اور دیکھ بھال پرکثیر اخراجات در کار ہوتے ہیں۔اس سلسلے میں ایم ڈی واٹر بورڈ نے ڈائریکٹرملٹری لینڈاینڈ اسٹیٹ سے درخواست کی ہے کہ اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے تاکہ واٹر بورڈ با آسانی شہریوں کو بنیادی سہولیات بہتر طور پر فراہم کرسکے۔