ایران اورپاکستان کامقامی کرنسی میں تجارت کرنے پراتفاق

154

اسلام آباد ( صباح نیوز)ایران اور پاکستان نے بینکاری تعاون اور مقامی کرنسی میں تجارتی لین دین کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس سمجھوتے پر پاکستان کے وزیرتجارت خرم دستگیر خان اور ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔ پاکستان کی وزارت تجارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ پاکستان اور ایران نے ایک دوسرے کے مرکزی بینکوں میں مقامی کرنسی میں کھاتے کھولنے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔دونوں ملکوں نے باہمی تجارتی لین دین کے فروغ اور فری ٹریڈ کے معاملے کو بھی آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان ایران سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی خریداری کے معاہدے کے بارے میں بھی مذاکرات کر رہا ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے سرحدی علاقوں کو سو میگاواٹ بجلی پہلے ہی فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کو باہمی اقتصادی اور تجارتی تعاون کی طویل المدت پالیسیاں بنانا ہوں گی اور ایک دوسرے کے فری ٹریڈ زون کے درمیان تعاون کو فروغ دنیا ہو گا۔ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم چار سو بتیس ملین ڈالر کے برابر ہے اور دونوں ممالک اسے پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بینکاری لین دین کے نظام کا فقدان دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔