ایرون فنچ نے میکسویل اور ڈونل کا ون ڈے میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کر دیا

153

دمبولا (جسارت نیوز) جارح مزاج آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ نے سائمن او ڈونل اور گلین میکسویل کا ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا، فنچ نے سری لنکا کے خلاف چوتھے ون ڈے میں 18 گیندوں پر ففٹی بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا، ڈونل نے 1990ء میں سری لنکا اور میکسویل نے 2013ء میں بھارت کے خلاف میچ میں 18 گیندوں پر ففٹی مکمل کر کے ملکی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں ایرون فنچ نے جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے حریف بولرز کی خوب دھنائی کی اور 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی اور اس کے ساتھ ہی ملک کی جانب سے تیز ترین ففٹی کا میکسویل کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ ڈونل اور میکسویل بھی 18، 18 گیندوں پر نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔