بھارتی چینلز دکھانے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے‘چیئرمین پیمرا

167

اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی چینلز دکھانے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ نجی ٹی وی چینلز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ پیمرا قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے 24گھنٹے کی نشریات میں 10 فیصدبھارتی مواد دکھا ئیں گے۔ 15اکتوبر کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والے تمام چینلز اور کیبل آپریٹرزکے خلاف کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیمرا ہیڈ کوارٹر ز اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر لوگوں کو محب وطن اور غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے اینکرز نے بھارتی افواج کی جانب سے کشمیر ی عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم پرایک بھی پروگرام نہیں کیا۔ چیئرمین پیمرانے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ سالانہ اربوں روپے پاکستان سے بھارت منتقل ہو رہے ہیں، اس غیر قانونی رقوم کی ترسیل کو روکنے کے لیے فوری کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں مختلف لا انفورسمنٹ ایجنسیز، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور مقامی پولیس سے مدد لی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 15اکتوبر تک تمام ٹی وی چینلز اور کیبل آپریٹرز کو مہلت دی جا رہی ہے تاکہ اس دوران ٹی وی چینلز اپنے پروگراموں کا شیڈول تیار کر لیں۔انہوں نے کہا کہ پیمرا کی جانب سے کیے گئے حالیہ فیصلوں پر عمل در آمدکے لیے تمام صوبائی حکومتوں اور ایف بی آر کو خطوط لکھ دیے ہیں اور وفاقی حکومت کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔