ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کی فوج نے منگل کی شام یمن سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو عسیر کے علاقے میں فضا ہی میں تباہ کردیا جس کے نتیجے میں شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ نے سعودی عرب کے محکمہ دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرحد پار سے سعودی عرب میں منگل کی شام ایک بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا تھا۔ سعودی فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کردیا۔ ادھر عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے جنوبی سعودی عرب کے ظہران کے ساحلی علاقے کو ملانے والی علب گزرگاہ کے قریب شمالی صعدہ میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ صعدہ میں ری پبلکن محل کے قریب واقع فوجی کیمپ پر8 فضائی حملے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق یمن اور سعودی عرب کی سرحد پر واقع بعض علاقوں بالخصوص حجہ، صعدہ اور الجوف صوبے میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ اتحادی ممالک کے طیاروں نے یمنی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جب کہ سعودی بری فوج نے توپ خانے کی مدد سے یمنی باغیوں کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
سعودی فوج