سکھر

245
سکھر (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ رٹرننگ آفیسر/ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد طاہر وٹو سمیت رٹرننگ افسران شہاب الدین انڈہڑ اور جمال ناصر چاچڑ نے ضلعی کاؤنسل ، میونسپل کمیٹیوں و ٹاؤن کمیٹیوں پر منتخب ہونے والے چیئرمینز اور وائیس چیئرمینز سے حلف لیا۔ کمیٹی روم میرپور ماتھیلو میں حلف برداری تقریب منعقد کی گئی جس میں ضلعی کاؤنسل کے چیئرمین حاجی خان مہر اور وائیس چیئرمین صفدر چاچڑ نے حلف اٹھایا۔ میونسپل کمیٹی گھوٹکی پر سید اصغر علی شاہ چیئرمین اور سید نادر علی شاہ نے وائیس چیئرمین کے طور پر حلف اٹھایا۔ میونسپل کمیٹی میرپور ماتھیلو پر شہباز خان لنڈ چیئرمین اور خالد مغل وائیس چیئرمین، ٹاؤن کمیٹی خانگڑہ پر احمد علی خان مہر چیئرمین اور پہلاج رام وائیس چیئرمین، ٹاؤن کمیٹی اوباوڑو پر جام یاسر خان ڈہر چیئرمین اور جام حسن خان ڈہر وائیس چیئرمین ، ٹاؤن کمیٹی ڈہرکی پر منیر احمد مہر چیئرمین اور محمد اکرام الحق وائیس چیئرمین جبکہ ٹاؤن کمیٹی عادلپور پر جام آصف رضا دہاریجو چیئرمین اور غلام شبیر کلوڑ نے وائیس چیرمین کے طور پر حلف اٹھایا ۔ حلف تقریب میں ایم این اے سردار علی گوہر خان مہر، ایم این اے سردار علی محمد خان مہر،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر شاہ اور صوبائی وزیر برائے کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے شرکت کی** : ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی کی جانب سے جارہ کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مہران کلچرل کامپلیکس کے جاری کام کی دیکھ بھال کیلیے سکھر آرٹس کاؤنسل کے میمبر ز مقرر کردیے گئے ہیں۔ کمیٹی کا چیئرمین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھر 1- ہونگے، جبکہ میونسپل کمشنر سکھر ، ایگزیکیوٹو انجنیئر بلڈنگس ، ڈائریکٹر انفارمیشن سکھر ، ایاز گل، ادل سومرو، ممتاز بخاری ، سعید بزمی ، اختردرگاہی اور شوکت راہی کمیٹی میمبران ہونگے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مہران کلچرل کامپلیکس کا کمیٹی روم اور دیگر دو کمرے الیکشن کمیٹی کے زیر استعمال رہیں گے تاکہ سکھر آرٹس کاؤنسل کے الیکشن بروقت اور بہتر نمونے سے منعقد کرائے جا سکیں** پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اسلام الدین شیخ کے صاحبزادے بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے سکھر کے مےئر کا حلف اٹھانے کے موقع پر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ڈینٹنگ پینٹنگ کا کام کرنیوالے سیکڑوں محنت کشوں نے موٹر سائیکلوں، سوزوکیوں، کاروں پر سوار ہوکر نیو بس ٹرمینل سے سکھر ہاؤس پہنچ کر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کو مبارکباد دی۔ ریلی کی قیادت موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے صدر استاد تاج محمد شیخ کررہے تھے جبکہ اصغر علی بھٹی، حاجی بشیر مغل، شفیق آرائیں، نعیم مغل، توفیق سمیت محنت کشوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی۔ ریلی کے شرکاء گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے ہمراہ سکھر ہاؤس سے ڈپٹی کمشنر آفس تک پہنچے، جہاں ارسلان اسلام شیخ کے حلف اٹھانے کے بعد موٹر ورکس ایسوسی ایشن کی ریلی پیپلز پارٹی کی جانب سے نکالی جانیوالی مرکزی ریلی میں شامل ہوگئی۔ اس موقع پر استاد تاج محمد شیخ، شفیق آرائیں، اصغر بھٹی، حاجی بشیر مغل و دیگر کا کہنا تھا کہ ارسلان اسلام شیخ کو پاکستان کا نو عمر مےئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے، مےئر منتخب ہونے کے بعد ارسلان اسلام شیخ اپنے والد سینیٹر اسلام الدین شیخ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بلاامتیاز خدمت کرینگے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی قیادت میں سکھر کے شہریوں کو نوجوان قیادت ملی ہے، جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ امید کرتے ہیں کہ ارسلان اسلام شیخ عوام کو بنیادی سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے اعزاز میں سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کی جانب سے جلد استقبالیہ دیا جائے گا** کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے غلام محمد مہر میڈیکل ٹیچنگ اسپتال سکھر میں جاری سہ روزہ قومی پولیو مہم کی نگرانی کرتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ، اس موقع پر موجود پولیو ٹیموں سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر سکھر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ پوری قوم کیلیے چیلنج ہے ، اس لیے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ پولیو مہم سے وابستہ دیگر محکموں کا ہر سرکاری ملازم پولیو مہم کو کامیاب بنانے کا پابند ہے۔ احتساب کے عمل کو بہتر بنا کر ہی بھرپور کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس کام کو چیلنج سمجھ کر کرنا ہو گا اور ہر بچے کو ہر بار پولیو کے قطرے لازمی پلائے جائیں اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ یہ ہم سب کا قومی فرض ہے اور ہم سب کو اس میں حصہ لینا ہو گا تب ہی اس وائرس سے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پولیو ٹیمز کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیمز اس سے قبل رہ جانے والے بچوں کو ہر حال میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں**نو منتخب مےئر بیر سٹر ارسلان شیخ نے کہا ہے کہ اختیارات ملنے کے بعد شہریوں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائیگا اور مسائل کیجانب بھرپور توجہ دی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی تحریک کے مرکزی رہنما حافظ محبوب علی سہتوکی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے کیا، نو منتخب میئر نے مذید کہا کہ صوبائی حکومت سے سکھر شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز کی درخواست کی جائے گی سکھر ہم سب کا شہر ہے اور اس کی ترقی کے لیے ہم نے ملکر کام کرنا ہے وہ اپنے والد( سینیٹر اسلام الدین شیخ سابق میئر سکھر) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سکھر کے عوام کی خدمت کرینگے ۔ وفد نے مےئر سکھر ارسلان شیخ اور ڈپٹی مےئر کو بلامقابلہ کامیابی پر پھولوں کے ہار بھی پہنائے**کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے پیر کے روزتعلقہ اسپتال روہڑی کا دورہ کیا ، اسپتال میں موجود مریضوں نے شکا یت کی کہ ڈاکٹرز پرچیوں پر دوائیں لکھ کر باہر سے خریدنے پر مجبور کرتے ہیں جبکہ انہوں نے اسپتال کے اسٹور کیپر کے نازیبا رویہ کی بھی شکایت کی گئی جس پر کمشنر سکھر نے ایم ایس تعلقہ اسپتال روہڑی سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر سال اسپتالوں میں کروڑوں روپے دواؤں کی مد میں خرچ کئے جاتے ہیں تاکی غریب اور نادار مریضوں کو مفت دوائیں دستیاب ہو سکیں، انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کو مریضوں کے لیے سرکاری دوائیں لکھنے کا پابند کیا جائے ۔کمشنر سکھر نے ایم ایس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹور کیپر ایک سرکاری ملازم ہے اس لیے عوام کی خدمت اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا اس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ کمشنر سکھر نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں سے بدتمیزی کرنے والے اسٹور کیپر کو فوری طور پر ریلیو کیا جائے، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر روہڑی کو ہدایت کی کہ ا سپتال کے اندر ناجائز تجاوزات کو ختم کیا جائے اور ہر یونٹ پر متعلقہ سائن بورڈ لگائے جائیں تا کہ مریضوں کو دشواری پیش نہ آئے ۔ کمشنر سکھر نے اسپتال کے دورے کے دوران اسپتال میں قائم میڈیل اسٹور بند کرنے کا حکم بھی دیا** شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے زیرِ اہتمام محققہ ارم ناز میمن کا ایم فل سیمینار پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ محققہ ارم ناز میمن نے اپنا سیمینار تازہ پھلوں کے رس کا تجزیاتی مطالعہ کے عنوان پر ڈاکٹر واحد بخش جتوئی کی رہنمائی اور پروفیسر ڈاکٹر غلام قادر شر کی شریک رہنمائی میں پیش کیا۔ محققہ ارم ناز میمن نے کہا کہ تازہ پھلوں کا رس انسانی جسم میں کم وقت میں توانائی پہنچانے کا ذریعہ ہے۔ تازہ پھلوں کے رس پینے سے ہم جسم میں توانائی محسوس کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تازہ پھلوں کے رس سے انسانی جسم میں پروٹین، وٹامن، منرل حاصل ہوتے ہیں اس کے علاوہ یہ کمزوری کو بھی دور کرتے ہیں۔ پھل وٹامن سی اور وٹامن ڈی پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کیلیے مارکیٹ سے مختلف پھل حاصل کیئے گئے اور ان کا تجزیاتی مطالعہ کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن نے کہا کہ محققہ نے اپنی تحقیق شاندار طریقے سے پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تازہ پھلوں کے رس سے انسانی جسم میں توانائی کی کمی دور ہوتی ہے اور توانائی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ محققہ کا کام مستقبل میں محققین کیلیے تحقیق کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری نے موضوع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں سے بھی شرکاء کو آگاہی دی۔ ڈاکٹر واحد بخش جتوئی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محقق نے اپنی تحقیق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحقیقی ضوابط کے تحت سرانجام دی ہے۔ تحقیق کے لیے جدید تحقیقی اصول اور طریقوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ سیمینار کو کامیاب قرار دیا گیا۔ سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شر، پروفیسر ڈاکٹر ونود کمار، پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد آرائیں،پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جکھرانی، ڈاکٹر اطہر نبی بروہی، ڈاکٹر زیب النسا میمن، ڈاکٹر خالدہ مہر، فقیر محمد بوہیرو اور محققین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔