صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسانکےجلی گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی

139

سکھر(نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ وفاق بجلی گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کررہا ہے۔ سندھ میں تجارتی سرگرمیوں اور صنعتی اداروں کی ترقی کے لیے وفاق کو مدد فراہم کرنی چاہیے۔ سندھ ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور اسپیشل اکنامک زون میں بریفنگ اور چائنیز کمپنی کے ساتھ زون میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چائنا سنگ ٹینگ ٹیکنالوجی کے سی ای او چین شو زونگ، چن وا یو، کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر فیاض حسین عباسی، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر زون محمد یوسف شیخ ،منور حسین وسان، اے سی سید محمد عباس شاہ اور دیگر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان نے کہا کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون بالائی سندھ میں تجارت کا بڑ ا حب بن جائے گا۔ مستقبل میں یہ زون خیرپور کے ساتھ سندھ کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل کرے گا۔ چائنا کی کمپنی نے زون میں 16 ایکڑ کا پلاٹ لیا ہے اور یہ کمپنی 25 سے 30 کروڑ روپے خرچ کرے گی چائنا کی صنعت کاری پالیسی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہوگی کہ زون میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ سرمایہ کار آئیں اور کارخانے، فیکٹریز ملک پلانٹ اور دیگر صنعتیں کام شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے کی تعمیر کے بعد زون کراچی سے چار گھنٹے کی مسافت پر ہوگا جس سے زون کی ترقی اور خوشحالی میں بڑی مدد ملے گی اس سے قبل صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان کو چیئرمین اکنامک زون و کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد یوسف شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون پر 1987 ملین روپے خرچ ہوگا۔ زون میں سرمایہ کاری کے لیے 10 سال تک کا انکم ٹیکس معاف ہوگا اور ایک سال کے لیے کارخانوں میں استعمال ہونے والی مشینری منگوانے کے لیے کسٹم ڈیوٹی معاف ہوگی جبکہ بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے والے سرمایہ کاروں کا مارک اپ میں سے 10 فیصد زون ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ زون سندھ انویسٹمنٹ بورڈاور سندھ حکومت کے تعاون سے کام کررہا ہے جبکہ زون کا انڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے جس سے مستقبل میں زون کو چلانے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ یوسف شیخ نے بتایا کہ زون میں ڈرنیج، واٹر سپلائی ، زیر زمین بجلی کی فراہمی اور حفاظتی انتظامات کے کام مکمل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے گیس کی سپلائی کی اجازت پر پابندی کی وجہ سے گیس نہیں آیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان نے سماجی رہنما منور حسین وسان کو کہا کہ وہ زون میں ملک پلانٹ فیکٹری لگانے کے لیے زون کے افسران کے ساتھ مل کر کارخانہ لگانے کے کام کو مکمل کریں اس موقع پر صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کراچی اور دیگر شہروں کے سرمایہ کاروں کو خیرپور زون میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت کو ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ وہ ا س سلسلے میں اقدامات کریں گے۔ انہوں نے چائنا کے وفد کو یقین دلایا کہ ان کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی جس پر چائنا کمپنی کے سی ای او نے صوبائی وزیر صنعت کا شکریہ ادا کیا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔