عالمی بینک65 کروڑ ڈالر کی امدادفراہم کرے گا ‘اسحا ق ڈار

108

اسلام آباد(اے پی پی) عالمی بینک پاکستان کو تعلیم، صحت، پانی اور ڈیزاسٹر کے شعبوں میں 65 کروڑ ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں تعاون کے 4 سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے ان معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کے نمائندوں اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر
پچا موتھو ایلانگو وان نے بھی معاہدوں پر دستخط کیے ۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے عوامی فلاح کی صورتحال بہتر ہو گی۔ وفاقی وزیر نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات میں پیشرفت اور گزشتہ3 سال کے دوران اقتصادی استحکام کی تعریف کی۔ معاہدے کے تحت بلوچستان میں انٹیگریٹڈ واٹر ریسورسز مینجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے جس کا مقصد صوبائی حکومت کی آبی وسائل کی مانیٹرنگ اور مینجمنٹ کے لیے استعداد کار کو بڑھانا ہے۔ 30 کروڑ ڈالر کے تیسرے پنجاب ایجوکیشن سیکٹر پروجیکٹ کے تحت صوبے میں معیاری تعلیم تک رسائی اور اس شعبے کی استعداد کار بڑھانا ہے۔ اسی طرح صوبہ سندھ کے مخصوص علاقوں میں سیلاب اور خشک سالی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے 10 کروڑ ڈالر کے ایک معاہدہ پر بھی دستخط کیے گئے ہیں جس کا مقصد قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے صوبے کی استعداد کار بڑھانا ہے۔ چوتھا معاہدہ نیشنل ایمونائزیشن سپورٹ پروجیکٹ سے متعلق ہے۔ 5 کروڑ ڈالر کے اس معاہدے کا مقصد امراض پر قابو پانے کے لیے ویکسینیشن کا دائرہ کار بڑھانا ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بھی انسداد پولیو پروگرام پاکستان اور ایس او پی نے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کر دیے۔