عالمی ٹیسٹ ڈیل اسٹیشن نے اینڈر سن سے پہلی پوزیشن چھین لی

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1-0 سے جیت کر 2 درجے ترقی پا کر5ویں نمبر پر آ گیا جبکہ شکست خوردہ کیویز 2 درجے تنزلی کا شکار ہو کر7ویں نمبر پر چلا گیا، بلے بازوں میں ا سٹیون ا سمتھ سرفہرست ہیں البتہ بولرز میں ڈیل ا سٹین نے دوبارہ پہلے نمبر پر قبضہ جما لیا ہے، اسٹین نے سینچورین ٹیسٹ میں میچ وننگ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے2 درجے ترقی پا کر جیمز اینڈرسن کو پہلی پوزیشن سے محروم کر دیا۔ گزشتہ روز آئی سی سی نے جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین عالمی درجہ بندی جاری کر دی جس کے تحت پاکستان پہلے، بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جنوبی افریقا2 درجے بہتری کے ساتھ 7ویں سے 5ویں نمبر پر آ گیا، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے ریٹنگ پوائنٹس برابر ہیں تاہم سری لنکا چھٹے اور نیوزی لینڈ 7ویں نمبر پر ہے۔ بلے بازوں میں ا سٹیون ا سمتھ پہلے، جوروٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے، ہاشم آملہ چوتھے اور یونس خان 5ویں نمبر پر برقرار ہیں، بولر میں ا سٹین نے 9 ماہ بعد دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی، انہوں نے 2درجے ترقی کے ساتھ اینڈرسن سے پہلی پوزیشن چھینی ہے، اینڈرسن تنزلی کے بعد دوسرے اور ایشون تیسرے نمبر پر چلے گئے، اسٹورٹ براڈ چوتھے، ہیراتھ 5ویں اور یاسرشاہ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ آل راؤنڈرز میں ایشون پہلے، شکیب الحسن دوسرے اور معین علی تیسرے نمبر پر ہیں۔