قومی ہاکی ٹیم ایشین چیمپئین بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،احمد عالم

143

لاہور(جسارت نیوز )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام چوتھی ایشین مینز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے سینئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔کیمپ کمانڈنٹ و ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور اسسٹنٹ کوچ احمد عالم کی نگرانی میں کھلاڑیوں کی فزیکل ٹریننگ ،کوارڈینیشن،گول کیپر ٹریننگ ،شوٹنگ پر زور دیاگیا اور کھلاڑیوں کی2 ٹیمیں بناکر انہیں میچ پریکٹس بھی کروائی جارہی ہے ۔چوتھی ایشین مینز
چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ ملا ئیشیا میں 20سے 30اکتوبر تک کھیلا جائے گا ۔قومی ہاکی ٹیم کے معاون کوچ احمد عالم نے کہا ہے کہ جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم میں قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں ٹریننگ سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور فٹنس میں کافی بہتری آئی ہے اور امید ہے کہ ٹیم چوتھی ایشین مینز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے ایشیا میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرے گی ۔ احمد عالم نے کہاکہ پاکستان کی ہاکی زوال کا شکار ہے اور اسے کھویا ہوا عروج حاصل کرنے کے لئے وقت لگے گا ۔ہمار ا پہلا ٹارگٹ ایشیا میں برتری حاصل کرنا ہے اور اس کے بعد ورلڈ کپ اور اولمپکس کا نمبر آئے گا ۔انہوں نے کہاکہ ایشین مینز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جاسکتا ۔بھارت سمیت تمام ٹیمیں مشکل حریف ہیں ۔ہر ٹیم کے خلاف مختلف پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ بلاشبہ بھارت کی ٹیم پاکستان سے مضبوط ہے لیکن پاک بھارت میچز کے دوران تکنیک ، اسٹائل سے زیادہ اعصاب کا کھیل ہوتا ہے جو ٹیم دباؤ برداشت کر جائے اور مواقع سے فائدہ اٹھائے جیت اس کی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم بھارت کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔انٹر سروسز چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عبدالجبار، ایم زبیر، ساجد علی اور ایم عدنان بھی کیمپ کا حصہ بن چکے ہیں اور بھرپور محنت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی کو کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے پی ایچ ایف کے حکام ،کوچز کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہیں گراؤنڈ میں 100فی صد پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔کھلاڑیوں کی طرف سے غیر ملکی لیگ کھیلنا کوئی بری بات نہیں ہے لیکن انہیں چھوٹی غیرملکی لیگوں میں حصہ لینے کے بجائے اپنی قومی ٹیم کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ٹریننگ میں حصہ لینا چاہئے ۔کھلاڑی جب اپنی ٹیم کے ساتھ زیادہ سے زیادہ کھیلیں گے تو ان کے مابین کوارڈینیشن بہتر ہوگا اور ٹیم کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں بھی کھلا ڑیوں کو ہاکی لیگ کی پیشکش ہوتی تھی لیکن ہم ملکی مفاد کو زیادہ تر جیح دیتے تھے ۔ملک کی وجہ سے ہی ہماری دنیا میں عز ت ہے اور ہمیں اسکی عزت کو ہر حال میں فوقیت دینا چاہئے ۔