نام نہاد مینڈیٹ کے دعوے دار عوام کی داد رسی نہیں کرسکتے، رضا ہارون

186

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورنگی ، شاہ فیصل کالونی،لا نڈھی اور ملیر کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ان علاقوں میں زندگی گزارنے کی بنیادی سہولتیں پانی، بجلی اور صفائی کا کوئی نظام موجود نہیں ہے، سڑکیں زبوں حالی کا شکار ہیں جو کہ یہاں بسنے والے لوگوں میں شدید مایوسی پھیلنے کا سبب بن چکا ہے،ان تمام علاقوں کی سڑکیں تباہی کا منظر پیش کر رہی ہیں جگہ جگہ ابلتے گٹروں اور گندے بدبو دار پانی نے ان علاقوں سے گزرنا ناممکن بنا دیا ہے ،وبائی امراض پھیلنے کا شدید اندیشہ ہے ان علاقوں میں ڈینگی وائرس کی نشاندہی بھی ہوچکی ہے۔ ارباب اختیار ا س بد ترین صورتحال پرفوری طور پر لانڈھی ،کورنگی ،شاہ فیصل کالونی اور ملیر میں ترقیاتی کام شروع کریں، کراچی کے نام نہاد مینڈیٹ کے دعوے دار عوامی مسائل کو حل کرنا تو در کنار
علاقوں میں رہنے والوں سے ان کی بات ہونابھی محال ہوگیا تو عوام کی داد رسی کیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی شدید قلت نے ملیر ،لانڈھی اور کورنگی کے مکینوں کوپریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، ٹینکر مافیا کے ذریعے اور غیر قانونی کنکشنوں کی بھر مار سے علاقوں میں پانی کی ترسیل پر مامور عملہ بڑی گھپلے بازیاں کر رہا ہے اور عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے واٹر بورڈ کے حکام سے ملیر ،شاہ فیصل کالونی ،لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں میں پانی کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے اور عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا محکمہ عوا م کو بجلی کی فراہمی میں ناکام ہوچکا ہے۔ اعلانیہ اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑے زور و شور سے جاری ہے ۔بجلی کے ستائے ہوئے عوام صرف دہائیاں دے رہے ہیں اور بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ کر کے کراچی کے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیاگیا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی عوام کو پانی ،بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کے نہ ملنے پراپنی انتہائی تشویش کا اظہار کرتی ہے اور ارباب اختیار سے مطالبہ کرتی ہے کہ متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر کورنگی ، لانڈھی اور ملیر کے علاقوں کے مسائل حل کرنے پرمامور کیا جائے۔