وفاقی محتسب اعلیٰ کے علاقے دفاتر ملک بھر میں کھولے جارہے ہیں،سلمان فاروقی

163

کراچی (پ ر) وفاقی محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی نے ریجنل آفس میں ’’پبلک فیسیلیٹنگ ونگ‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک بھرمیں وفاقی محتسب اعلیٰ کے ریجنل دفاترکھولے جارہے ہیں۔اس موقع پر ریجنل آفس کے رکن انچارج عبدالمالک غوری، سینئر ایڈوائزر سراج شمس الدین، سید انیس الدین، فرزانہ جبیں، یاسمین سعود، شجاع عباس، محمد یاسین اور دیگر موجود تھے۔ سلمان فاروقی نے کہا کہ تین برس میں 2لاکھ 70ہزار درخواستوں کی سماعت کرکے انصاف فراہم کیاگیا ہے جبکہ محتسب عدالت کے خلاف صدر پاکستان کو صرف ایک فیصد شکایات پہنچی ہیں جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جس ادارے پر اعتماد ہو اسی سے شکایتیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف شکایتیں زیادہ ہیں لیکن کے الیکٹرک کا ادارہ محتسب ادارے کے ساتھ تعاون کر رہا ہے، ہمیں مہینوں کی رپورٹ دنوں میں مل جاتی ہے جبکہ درخواست گزار کے ساتھ کے الیکٹرک کے نمائندوں کی موجودگی میں تمام فیصلے افہام و تفہیم سے حل کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا
کہ مختلف محکموں کے خلاف ملنے والی درخواستوں کی سماعت انتہائی سینئر ایڈوائزر و جج کرتے ہیں اور ان کے فیصلے درخواست گزاروں اور محکموں کے نمائندوں کو قبول ہوتے ہیں۔ یہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ قبل ازیں وفاقی محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی کی آمد پر کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر جنرل قاضی تمیز احمد نے وفاقی محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی، ممبر انچارج عبدالمالک غوری، سینئرایڈوائزرز انیس الدین احمد، سراج شمس الدین اور دیگر کو سوینیئر پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب اعلیٰ اور ڈائریکٹر جنرل کے الیکٹرک کے درمیان کے الیکٹرک کے معاملات پر گفتگو ہوئی اور باہمی مشورے سے بجلی صارفین کے مسئلے کو حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر جنرل قاضی تمیز احمد نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے تمام صارفین کو بلا امتیاز بجلی فراہم کی جائے گی اور ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی وفاقی محتسب اعلیٰ کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔