پاکستانی تیزی سے شدت پسندی کےخلاف بڑھ رہے ہیں سب کو مدد کرنی چاہئیے،جان کیری

156

نئی دہلی(خبرایجنسیاں ) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی بھی کی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی تیزی سے شدت پسندی کے خلاف بڑھ رہے ہیں،ہم سب کوپاکستان کی مدد کرنی چاہیے،امریکی وزیر خارجہ جان کیری ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں جہاں نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا لہذا ہم سب کو پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے جب کہ ہمیں اس بات کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ عمل کس حد تک مشکل ہے۔جان کیری نے جہاں پاکستان کے کردار کی تعریف کی وہیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ابھی بھی دہشت گردی کے خلاف بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، بالخصوص پاکستان میں موجود طالبان گروپوں کے خلاف ۔ ان کا کہنا تھاکہ امریکا نے اسلام آباد پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان کو طالبان ، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ جو کہ پاکستان سے کام کررہی ہیں ان کے خلاف موثر کارروائی کرنی چاہیے کیونکہ یہ گروپس سرحد پار بھارت اور افغانستان میں حملوں میں ملوث ہیں۔دریں اثناامریکا اور بھارت کے درمیان دوسرے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ممبئی حملوں اور پٹھانکوٹ ائر بیس پر دہشت گرد حملے کے ذمے داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں جانب سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے، دہشت گرداور کرمنل نیٹ ورک جس میں داعش ، القاعدہ ، لشکر طیبہ،جیش محمد ، ڈی کمپنی اور حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے پر زوردیا گیا ہے ، پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ اچھے اور برے دہشت گردوں میں فرق نہیں کیا جانا چاہیے ۔علاوہ ازیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے امریکی وزیر خارجہ سینیٹر جان کیری نے اپنے دورے کے اختتامی روز ملاقات کی ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت دیگر ا ہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم نریندر مودی کو صدر اوباما کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور کہاکہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع امریکی صدر آپ سے ملاقات کے منتظر ہیں۔