پاکستان اور کینیا کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس دسمبر میں اسلام آباد میں ہوگا

159

فیصل آباد(اے پی پی )پاکستان اور کینیا کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس دسمبر میں اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو 1 بلین ڈالر تک بڑھانے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ یہ بات کینیا کے ہائی کمشنر پروفیسر جولیس کیبٹ بیٹوک نے بدھ کے روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے دونوں ملکوں کے تاجروں اور خاص طور پر نجی شعبہ کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کو بھی ٹیکسٹائل کی کینیا کو برآمد پر ڈیوٹیوں کا مسئلہ اٹھانے کے لیے پاک کینیا مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے لیے قابل عمل تجاویز اور سفارشات پیش کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے فری ٹریڈ ایگریمینٹ ضروری ہے اور اس سلسلہ میں دونوں ملکو ں کو ابھی سے گفت و شنید کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے ۔انہوں نے بتایا کہ کینیا اس سلسلہ میں دسمبر کے مہینے ہی میں اسلام آباد میں ایک ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس بھی منعقد کر رہا ہے ۔