پاکستان کو کرپشن فری پاکستان بنانا جماعت اسلامی کا ہدف ہے

109

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کو کرپشن فری پاکستان بنانا جماعت اسلامی کا ہدف ہے ۔قومی دولت لوٹنے والے کرپٹ حکمران احتساب سے نہیں بچ سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی بدحالی اور تمام بڑے قومی اداروں کی تباہی کا واحد سبب لوٹ مار اور کرپشن ہے اس ناسور کا خاتمہ کیے بغیر پاکستان کو معاشی مسائل سے نہیں نکالا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاناما لیکس کے معاملے کو لٹکا رہی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت کرپشن اسکینڈل کا پنڈ ور اباکس کھولنے سے ڈرتی ہے کیونکہ حکمران اپنے بچوں سمیت اس اسکینڈل میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بے رحم احتساب نہیں ہوگا اس وقت تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ۔ حکمران لوٹ کھسوٹ میں مصروف عمل ہیں اور ملک دن بدن کمزور ہوتا جا رہا ہے ۔ ملک کی مجموعی آبادی کا ایک بڑا حصہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے ، مہنگائی سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے ،بے روزگاری عام ہونے کی وجہ سے نوجوان جرائم کی طرف مائل ہو رہے ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ کرپشن وہی ختم کر سکتے ہیں جو خود کرپشن سے پاک ہوں، اس وقت سیاست میں کرپشن جیسے ناسور سے صرف جماعت اسلامی پاک ہے ۔ اب عوام کو دیانتدار ، باصلاحیت اور خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے افراد کو آگے لانا ہوگا تاکہ ملک سے کرپشن ، بے روزگاری ، مہنگائی دہشتگردی جیسے کینسر سے چھٹکارا حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں ایک منظم نیٹ ورک رکھنے والی عوامی اور جمہوری جماعت ہے جو ملک میں مکمل تبدیلی کے لیے ایک بڑی ٹیم اور صلاحیت رکھتی ہے۔