پاک چین راہداری منصوبے کیخلاف ملک دشمن قوتیں متحد ہوگئیں،مفتی نعیم

149

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اب سمجھ جانا چاہیے کہ امریکا کبھی بھی پاکستان کا وفادار نہیں ہوسکتا، فرنٹ لائن اتحادی بن کر امریکا کی جنگ لڑتے رہے،انعام بھارت کو مل رہاہے، بھارت کو چین کے مقابلے میں مضبوط کرناامریکا کی خواہش ہے ،پاک چین راہداری منصوبے کیخلاف وطن عزیز کی دشمن قوتیں متحدہوچکی ہیں، بھارت اور امریکا کے حالیہ معاہدے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے امریکا اور بھارت معاہدوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کو خطے میں مضبوط کرنے کیلیے امریکا ، اسرائیل اور دشمن قوتیں مصروف ہیں۔ امریکا کی ساری توجہ اس وقت بھارت کو چین کے مقابلے میں مضبوط کرنے کیلیے ہے یہی وجہ ہے کہ آئے روز امریکا اور بھارت کے درمیان معاہدات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی امن کے نام نہاد ٹھیکیدار کا مسلمانوں کے حوالے سے دہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے ، ہمارے حکمرانوں کو اب سوچنے کی ضرورت ہے جس امریکا کے اتحادی بن کر دہشت گردی کی نام نہاد جنگ لڑی آج و ہی امریکا ہمارے ازلی
دشمن بھارت کو خطے میں چودھری بنانے کے خواب دیکھ رہاہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں جتنا مالی وجانی نقصان وطن عزیز کا ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔ ہمارے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج امریکا،یورپ اور بھارت ایک پیج پر جمع ہوچکے ہیں اور پاک چین راہداری منصوبوں کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد ہمارے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے وطن عزیز کو خطرات سے دوچار کردیاہے۔