ڈیفنس پولیس نے چور کی سی سی ٹی وی فوٹیج ضائع کردی

147

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس پولیس نے کار سے سونا چوری کرنے والے شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج رشوت کے عوض ضائع کردی ،سی سی ٹی فوٹیج چوری کا شکار ہونے والے نے پولیس کے حوالے کی تھی، مدعی انصاف کے حصول کے لیے 8ماہ سے پولیس افسران کے دفاتر کے چکر لگا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی اختر کالونی کے رہائشی اورجناح اسپتال میں ملازم اشفاق احمد 28فروری کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ڈیفنس فیز 5میں واقع ایک ہوٹل پر کھانا کھانے گئے جہاں انہوں نے اپنی گاڑی ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی کردی، گھر واپسی پر جب انہوں نے ڈگی کھول کر اس میں موجود ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقد رقم نکالنے چاہے تو وہ وہاں سے غائب تھے جس پر وہ اپنے داماد اوربیٹے کے ہمراہ واپس ہو ٹل آئے۔ ہوٹل والوں نے اپنی پارکنگ کی سی سی ٹی فوٹیج دکھائی جس میں واضح طورایک شخص کو گاڑی کی ڈگی کھولتے دیکھا گیا، جس پر اشفاق ڈیفنس تھانے گیا
اورچوری کا مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی، 2روز تک متعلقہ تھانے کے اہلکار مقدمہ درج کرنے سے گریز کرتے رہے لیکن جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی کی مداخلت پر ڈیفنس پولیس میں چوری کا مقدمہ درج کرلیاگیا،تاہم ڈیفنس پولیس نے رسمی کارروائی کے طور پر مقدمہ درج تو کرلیا لیکن تفتیشی افسرجان محمد مقدمے کی تفتیش میں ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔اسی دوران جان محمد نے چوری کی اصل فوٹیج ضائع کردی اور اس کی جگہ دوسری فوٹیج رکھ دی۔ اشفاق احمد کے مطابق پولیس چوری میں ملوث ملزمان کو بچانے کی کو شش کررہی ہے جس پر اس نے آئی جی سندھ کو ایک تحریری درخواست بھی دی ہے جس میں اس نے تفتیش ڈیفنس تھانے سے واپس لے کر سی آئی اے کے کسی ایماندار افسر کو دینے کی اپیل کی ہے ۔