کراچی کا منتخب مےئر غلط کاموں کی وجہ سے جیل میں ہے، امداد علی

118

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز امداد علی پتافی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کسی کی بھی اور کسی شکل میں ہو محب وطن ہونی چاہیے اور پاکستان کی عزت کرے اور پاکستان کی بات کرے۔ کراچی کا منتخب مےئر غلط کاموں کی وجہ سے جیل میں ہے اور کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں ہے، جس نے بھی غلط کام کیے سزا ملنی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو منتخب مےئر کو پیرول پر آزاد کرنے کا اختیار نہیں، بہتر ہے کہ اپنے مقدمات کے حوالے سے عدالت سے رجوع کریں۔ نئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا تقرر پارٹی چیئرمین بلاول زرداری کی خواہش تھی، ان کے تقرر سے تبدیلی آرہی ہے۔ اس سے قبل وزرا اور افسران اپنے دفاتر میں موجود نہیں ہوتے تھے، اب وقت پر دفتروں میں موجود ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر محکمے میں کرپشن قائداعظم کے دور سے موجود ہے، تاہم محکمہ ورکس اینڈ سروسز میں کریشن کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ افسران سے ضلع میں جاری ترقیاقی کاموں کے متعلق اجلاس بھی کیا۔ انہوں نے افسران کو جاری ترقیاقی منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی جس میں کارکنوں نے شکایتوں کے انبار لگا دیے۔ انہوں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پارٹی رہنما حمید سومرو، ڈاکٹر واحد سومرو، صادق علی میمن، پیر رحمانی جیلانی اور ممتاز جلبانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔