18اگست کا واقعہ برادراسلامی ممالک کے درمیان نفرت پیداکرنے کے لیے دشمن کی چال تھی، آئندہ ایسا نہیں ہونے دیں گے، افغان وفدکی یقین دہانی

72
چمن (مانیٹرنگ ڈیسک +خبرایجنسیاں)افغانستان نے 18اگست کو پاکستان مخالف نعروں اور پرچم جلائے جانے کے واقعے پر تحریری طور پرمعذرت کرلی ہے جس کے بعد 14روز سے بند باب دوستی کھولنے کا اعلان کردیا گیا ۔باب دوستی کھولنے سے متعلق پاک افغان سرحدی وفود کے درمیان 5ویں فلیگ میٹنگ کا انعقادہوا، پاکستانی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد چنگیز جب کہ افغان سرحدی فورسز کی نمائندگی کرنل محمد علی نے کی۔افغان وفدنے کہا کہ 18اگست کا واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا،جس کی مذمت کرتے ہیں ،یہ برادر مسلم ممالک کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے لیے دشمن کی کوئی چال تھی،اس میں ملوث عناصر پاکستان و افغانستان کے دشمن ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے آئندہ پاک افغان فورسز مل کر کام کریں گے۔پاکستانی وفد کی جانب سے افغان حکام کو بتایا گیا کہ سرحد پر پاکستان کے پرچم اور قائد اعظم کی تصاویر کو نذر آتش کرنے کے واقعے سے پاکستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی جس کے بعد حکام کو چمن میں باب دوستی بند کرنا پڑا۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد چنگیز نے کہا کہ افغان حکام کی واقعے پر معذرت اہم پیشرفت ہے۔ اتفاق رائے کے بعد باب دوستی یکم ستمبر کو صبح 8 بجے سے معمول کے مطابق کھول دیا جائے گا۔دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مستقبل میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لیے سرحدی گارڈز کے درمیان تعاون اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔