118

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+خبرایجنسیاں) برطانیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں دیے۔ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامسن ڈریو نے منگل کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ اور وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان سے الگ الگ ملاقات کی ۔ ڈان نیوز کے مطابق خورشید شاہ سے ملاقات میں تھامسن ڈریو نے بتایا کہ الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستانی حکومت کا ریفرنس برطانیہ کو موصول ہوگیا ہے تاہم پاکستان نے تاحال ٹھوس شواہد نہیں دیے۔برطانوی ہائی کمشنر نے واضح کیا کہ الطاف حسین کے خلاف کارروائی ٹھوس شواہد ملنے پر ہی کی جائے گی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہاکہ الطاف حسین اب پاکستان کے لیے مسئلہ بن چکے ہیں، لہٰذا برطانوی حکومت ان کے خلاف کارروائی کرے۔خورشید شاہ نے تھامسن ڈریو پرزور دیا کہ ان کا ملک کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا بھی نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے عالمی سطح پر کردار ادا کرے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر تھامسن ڈریو کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص الطاف حسین کی پاکستان مخالف سرگرمیوں سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے ذریعے اشتعال اور بد امنی پھیلائی، اور وہ پاکستان کے خلاف مسلسل برطانوی سرزمین استعمال کررہے ہیں، برطانوی حکومت اپنے قوانین کے مطابق متحدہ بانی کے خلاف کارروائی کرے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے الطاف حسین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔