ماتلی بلدیہ عملے کی عدم توجہ سگ گزردگی کے واقعات بڑھنے لگے

159

ماتلی(نمائندہ جسارت) ماتلی میونسپل عملے کی مسلسل عدم توجہ اورغفلت کے باعث شہر بھر میں آوارہ کتوں کی یلغار، سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ، حکام نے آنکھیں موند لیں۔ ماتلی کے مختلف علاقوں کشمیری محلہ، پھاٹک ایریا، گودام ایریا، سریوال کالونی، چانڈیہ محلہ، فتح پور محلہ، فضل آباد کالونی، سلیم کالونی، احسان شاہ کالونی سمیت کئی علاقوں میں دن رات آوارہ اور پاگل کتے گھومتے اور راہگیروں کو کاٹتے دکھائی دیتے ہیں شہر میں درجنوں سگ گزیدگی کے واقعات ہونے کے باوجود میونسپل حکام اور محکمہ صحت نے مسلسل خاموشی اختیار کرکھی ہے۔ شہر بھر کی اہم مارکیٹ اور مصروف چوراہوں پرپاگل اور خارش زدہ کتوں کے غولوں کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ دریں اثنا حالیہ بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں برساتی پانی تاحال موجود ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہورہا ہے۔ سرکاری و غیر سرکاری اسپتال کے ذرائع سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق ملیریا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ماتلی کے شہری شاہد چڈھڑ کی شکایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے ماتلی شہر میں مچھر مارمہم شروع کرنے کے لیے میونسپل حکام سے رابطہ کرکے ٹیم روانہ کی تھی تاہم میونسپل عملے نے تعاون کرنے کے بجائے ٹیم کو واپس روانہ کردیا۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ صحت کے بعض افسران مچھر مارمہم میں استعمال ہونے والی دوا آبادگاروں کو فروخت کرکے پیسہ کما رہے ہیں۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے ماتلی کے مسائل کانوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔