ایران کا سابق جنرل شام میں مزاحمت کاروں سے لڑتے ہوئے ہلاک

154

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کا ایک سابق جنرل شام کے شمالی شہر حلب میں باغیوں کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوگیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے نے بدھ کے روز اطلاع دی ہے کہ سابق جنرل احمد غلامی منگل کے روز حلب میں تکفیری دہشت گردوں’ شامی باغیوں‘ کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوگئے ہیں۔وہ 1980ء کی دہائی میں ایران ،عراق جنگ کے دوران پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر رہے تھے۔خبررساں ادارے نے مزید کہا ہے کہ جنرل غلامی عراق اور شام میں داعش کے خلاف رضاکارانہ طور پر لڑنے کے لیے گئے تھے مگر حلب میں اس وقت شام کے باغی گروپوں اور شامی فوج کے درمیان لڑائی ہورہی ہے اور داعش کے جنگجو وہاں (سے پسپا ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ ایران اور ایرانی میڈیا انتہا پسندوں اور شامی باغیوں کے لیے تکفیری کی اصطلاح استعمال کرتا ہے۔ ایران شامی صدر بشارالاسد کا سب سے بڑا پشتی بان ملک ہے مگر وہ اس امر کی تردید کرتا ہے کہ اس کے پیشہ ور فوجی شام میں فعال ہیں یا وہ شامی فوج کے شانہ بشانہ لڑرہے ہیں۔
ایرانی جنرل ہلاک