حکومت را کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرنے میں مخلص نہیں

148

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت را کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرنے میں مخلص نہیں، پاکستان توڑنے کی باتیں کرنے والوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف حکومت کی طرف سے غداری کا کوئی مقدمہ نہیں چلایا گیا۔ برطانیہ میں الطاف حسین کے خلاف جو ریفرنس گیا ہے وہ بھی نامکمل ہے، اس میں الطاف حسین کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متحدہ کے جو غیر قانونی دفاتر مسمار کیے ہیں، اس پر بھی رانا ثنا اللہ نے اعتراض کر کے ان را کے ایجنٹوں کی کھلی حمایت کا مظاہرہ کیا ہے۔ حیدرآباد شہر کی انتظامیہ بھی حکومت کی انہی پالیسیوں پر چل رہی ہے۔ گزشتہ دنوں را کے ایجنٹوں نے الفضل ٹاؤن میں پاکستان کے پرچم کی بے حرمتی کی، ان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں شکایت درج کرائی گئی لیکن ابھی تک ان را کے ایجنٹوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی، یہ سب ہمارے حکمرانوں کی را کے ایجنٹوں سے ہمدردی اور وفاداری کے باعث ہورہا ہے۔