سانگھڑ، مسائل کیخلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی احتجاجی ریلی

143
سانگھڑ (نمائندہ جسارت) بلدیاتی منتخب نمائندے بنیادی مسائل کی طرف توجہ دیں، شہر بھر میں منشیات کی فروخت، پانی کی قلت، سول اسپتال میں دواؤں کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ سندھ ترقی پسند پارٹی نے بنیادی مسائل حل نہ ہونے پر ترقی پسند ہاؤس سے نیشنل پریس کلب تک ضلعی صدر جبار جونیجو کی قیادت میں ریلی نکالی۔ اس موقع پر جبار جونیجو کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں تجاوزات آپریشن کے نام پر توڑ پھوڑ کی جس سے عوام کاکروڑوں روپے کا نقصان ہوا مگر آپریشن کے بعد ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کے وقت انتظامیہ نے عوام کو سبز باغ دکھائے تھے مگر پانچ ماہ گزرنے کے باوجود شہر میں ترقیاتی کام ادھورے چھوڑ دیے گئے جس سے عوام دہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ دیگر مقررین قاسم لغاری، انور سنی، علی رضا شاہ نے کہا کہ سول اسپتال ریفر سینٹر بن کر رہ گیا ہے، اسپتال میں ادویات کی کمی کے ساتھ ڈاکٹر بھی غائب ہیں، جس سے عام شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر بھر میں منشیات فروخت ہورہیں مگر پولیس نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں مگر انتظامیہ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی۔ ریلی کے شرکا نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بنیادی مسائل کی طرف توجہ دیں تا کہ عام آدمی آرام سے زندگی بسر کرسکے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔