شہری ودیہی طلبہ کوجدیدتعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں،جام مہتاب

139

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ شہری و دیہی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم کے یکساں اور بہتر مواقع مہیا کیے جائیں کیونکہ ہمارے شہر کے بچے صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں یوکے سے تعلق رکھنے والے
ماہرین تعلیم کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو،اسپیشل سیکرٹری ڈاکٹر منصور رضوی ،ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز ڈاکٹر منسو ب صدیقی، اختیار بیگ اور ڈاکٹر ایس۔ایم طاہر علی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم نے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ ورکنگ پیپرز کے مکمل ہوجانے کے بعد اس سلسلے میں ایک پائلٹ پروجیکٹ کو آزمائشی طور پر چند منتخب سرکاری اسکولز میں شروع کیا جائے اور اساتذہ اور طالبِ علموں کو روایتی تعلیم سے ڈیجیٹل تعلیمی نظام پر منتقل کیا جائے تاکہ ان علاقوں میں معیارِ تعلیم بہتر کیا جاسکے ،انہوں نے مزید کہا کہ طالبِعلموں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عصرِحاضر کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالیں اور معاشرے میں باعزت مقام حاصل کرسکیں، صوبائی وزیر تعلیم نے سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ ان اسکولز اور اضلاع کی نشاندہی کریں جہاں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جاسکے اور اگر یہ کامیابی سے ہمکنار ہوجائے تو اس کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے۔