پاکستان دہشت گردوں میں کوئی تفریق نہیں کرتا ہے،دفتر خارجہ

137

اسلام آباد ( صباح نیوز)پاکستان نے ایک بارپھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اسلام آباد بغیر کسی امتیاز کے تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اس بیان کے ردعمل میں کہی جس میں جان کیری نے پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ ان تمام گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرے جو انتہاپسندی میں ملوث ہیں۔لیکن ساتھ ہی ؂امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی اور ان کے بقول اس سلسلے میں سب کو پاکستان کی معاونت کرنی چاہیے۔امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیسزکریا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ جانی اور مالی نقصان اٹھایا ہے۔پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے اور اس کے لیے پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اس مد میں ہمارا بے تحاشا مالی نقصان بھی ہوا ہے پاکستان دہشت گردوں میں کوئی تفریق نہیں کرتا ہے۔نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جاتا رہا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق عالمی برادری کو یہ سمجھنا ہو گا کہ دہشت گردی کسی ایک ملک تک محدود نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔ پاکستان کا موقف اور عزم بالکل واضح ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اس وقت تک یہ جنگ لڑتے رہیں گے جبکہ تک ہم اس کی جڑوں کو ختم نہیں کر دیتے ۔