چوتھا دن ڈے آسٹریلیا نے سری لنکا کو6وکٹون سے ہرادیا

153

دمبولا (جسارت نیوز) جان ہیسٹنگز کی تباہ کن بولنگ کے بعد جارج بیلی اور ایرون فنچ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، کینگروز نے سری لنکا کے خلاف اس کی سرزمین پر مسلسل تیسری ون ڈے سیریز اپنے نام کی ہے۔ کینگروز نے 213 رنز کا ہدف 31 اوورز میں 4 وکٹوں پر پورا کیا، فنچ اور وارنر نے 5.3 اوورز میں 74 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، فنچ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی طرف سے مشترکہ طور پر تیز ترین نصف سنچری بنائی، انہوں نے 18 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور 55 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد جارج بیلی نے آئی لینڈرز کے بولرز کی خوب دھنائی کی اور 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ ڈی سلوا کی 76 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ جان ہیسٹنگز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ گزشتہ روز دمبولا میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکن ٹیم کے قائد اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، سری لنکن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 212 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، دھانن جایا ڈی سلوا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی بلے باز جان ہیسٹنگز کی برق رفتار گیندوں کا سامنا نہ کر سکا، ڈی سلوا 76 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان میتھیوز 40، فرننڈو صفر، مینڈس ایک، چندیمل 5، اینجلوپریرا 7، کوسل پریرا 6، تھسرا پریرا 13، ساچتھ پتھرانا 24 اور دلروون پریرا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ہیسٹنگز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں لیں، مچل اسٹارک، بولانڈ، زمپا اور ہیڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 31 اوورز میں 4وکٹوں پر پورا کیا۔
، ایرون فنچ اور کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو 74 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا جس کے بعد جارج بیلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلوائی، فنچ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 19 گیندوں پر 55 رنز بنائے اور دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ٹریوس ہیڈ 40، ڈیوڈ وارنر 19 اور عثمان خواجہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ میتھیوویڈ 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ساچتھ نے 3 اور دلروون پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔