ڈی جی کے ڈی اے نے گلستان جوہر میں روڈ کٹنگ کا نوٹس لے لیا

136

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے گلستان جوہر میں روڈ کٹنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے علاقے کے ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر عملے کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلستان جوہر کا لینڈ کنٹرول ہمارے پاس ہے لہٰذا ریونیو کی وصولی کا اختیار بھی ہمارا ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گلستان جوہر ڈویژن کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس شمیر احمد خان، ڈائریکٹر پرچیز راؤ طارق، سیکرٹری کے ڈی اے توفیق سومرو، ڈائریکٹر ایڈمن محمد عالم اور چیف سیکورٹی آفیسر کیپٹن (ر) الطاف حسین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے دورے کے موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اسٹاف کو یہاں سے منتقل کرنے کے لیے لیگل نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس میں ملوث افسران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے
کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں۔ قبل ازیں جب ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گلستان جوہر کے ڈویژن آفس پہنچنے تو انہوں نے تمام دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے حاضری رجسٹر چیک کیا اور ہدایت کی کہ افسران اور عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے اور یہاں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر بابر بشیر نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ یہاں کے مسائل حل کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور اگلے چند روز میں یہاں مثبت تبدیلیاں اور نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔