کابل:ملا ابراہیم منصور صدر طالبان کا نیا ملٹری کمانڈر نامزد

226

کابل(آن لائن)افغان طالبان نے ملا ابراہیم منصور صدر کو نیا عسکری سربراہ نامزد کیا ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے نے افغان طالبان کے سرکردہ ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ افغانستان میں غیر ملکی افواج کے خلاف برسرپیکارطالبان نے ملا ابراہیم منصور صدرکو طالبان کے عسکری شعبے کا نیا ملٹری کمانڈر نامزد کیا ہے۔ ملا ابراہیم منصور صدر کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ وہ سابق امیرالمومنین ملا محمد عمر مجاہد کے قریبی ساتھی رہے ہیں اور ایک سخت گیر موقف رکھنے والے ماہر لڑاکا کمانڈر ہونے کی وجہ سے طالبان عسکریت پسندوں میں خاصے مقبول ہیں ۔ طالبان کے نئے ملٹری کمانڈر کی حیثیت سے ملا ابراہیم منصور صدر کی نامزدگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغان طالبان امن مذاکرات کی سابق پالیسی کے بجائے افغانستان میں اپنی حالیہ عسکری کامیابیوں کو مزید وسعت دینے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔