کشمیری70 برسوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

185

سلاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانا پاکستان کی ذمے داری ہے ۔ کشمیری70 برسوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔امریکا بھارت معاہدے پاکستان کا گھیرا تنگ کرنے کی سازش ہے۔ امریکا کو کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟بھارت پروپیگنڈا کے ذریعے تحریک آزادی کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔بنگلا دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسی کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنما میر قاسم کی سزائے موت کے خلاف اپیل عدالت عظمیٰ نے مسترد کر دی ہے۔ حکومت پاکستان او آئی سی اور سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پرآواز بلند کرے ، ہمیں اپنے ان محسنوں کی قدر کرنی چاہیے، بھارتی شہ پر پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں مرکزی ذمے داران اور کارکنان کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلیے انتہائی ناگزیر ہے۔ اس کے بغیروطن عزیز پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔ ہم مظلوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے اور جاری رہے گی۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔پاکستان لاالہ الااللہ کا ملک ہے، کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی اور دیگر قائدین اگر پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کا نعرہ لگارہے ہیں توہمیں بھی ان کی مددوحمایت کرنی چاہیے۔ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور پاکستانی و کشمیری مسلمانوں کا خون ایک ہو چکا ہے انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ امریکا بھارت معاہدے پاکستان کے خلاف خوفناک سازش ہیں۔ وطن عزیز کا گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔حکومت کوکسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔امریکا کی طرف سے پاکستان کے گھیراؤ کیلیے بھارت کی بندرگاہیں اور اڈے استعمال کرنے کے معاہدے کیے گئے۔ بھارت اور امریکا پاک چین راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان مخالف سازشیں شروع کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور ہربیرونی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کر سکتے۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والوں کو بنگلہ دیش میں پھانسیاں دی گئیں اور اب جماعت اسلامی کے رہنما میر قاسم کی سزائے موت کے خلاف اپیل عدالت عظمیٰ نے مستردکر دی ہے۔ بنگلا دیش کی موجودہ حکومت اس بات سے سخت خوفزدہ ہے کہ لوگ ایک بار پھر نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر متحد و بیدار ہو رہے ہیں اور ان کے دلوں میں بھارت کے خلاف شدید نفرت پیدا ہو رہی ہے۔ بھارت بھی واضح طور پر یہ دیکھ رہا ہے کہ آخر یہ دھوکے اور ظلم و ستم کب تک چلے گا ‘ وہ وقت دور نہیں ہے کہ جب اس خطے میں اس کے خلاف تحریک مزید زور پکڑے گی اور اس کے گہرے اثرات ختم ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ بنگلا دیشی حکومت بھار ت سرکار کے اشاروں پر یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے۔ آج بنگلہ دیش پر اسی مجیب الرحمان کی بیٹی کی حکومت ہے جو اپنے باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کا نام لینے والوں کو جیلوں میں ڈال رہی ہے اور بھارت کی ہمنوا بن کر انہیں پھانسیاں دی جا رہی ہیں۔حکومت پاکستان کو اس حوالے سے آواز اٹھانی چاہیے۔