اسرائیلی فوج کا فلسطینی کھلاڈیوں پر وحشیانہ تشدد 24 صحافی زیر حراست

137

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے ایک فٹ بال گراؤنڈ میں پریکٹس میں مصروف فلسطینی کھلاڑیوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 6 کھلاڑی زخمی ہو گئے۔ بیت المقدس کی ایک مقامی این جی او ’برج‘ کے ڈائریکٹر منتصر دکیدک نے بتایا کہ 6 فلسطینی کھلاڑی تنظیم کے گراؤنڈ میں معمول کی پریکٹس میں مصروف تھے کہ صہیونی فوج نے گراؤنڈ میں گھس کرانہیں مارنا شروع کر دیا۔ مار پیٹ کے نتیجے میں 6 کھلاڑی لہو لہان ہو گئے۔ دکیدک نے بتایا کہ صہیونی فوجی کھلاڑیوں کو نہایت بے رحمی کے ساتھ بندوقوں کے بٹ ،لاتیں اور گھونسے مارتے رہے۔ صہیونی فوجیوں کو اچھی طرح معلوم بھی تھا کہ فلسطینی کھلاڑی یونیفارم میں ہیں اور وہ پریکٹس کررہے ہیں، مگر اس کے باوجود انہیں ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد (باقی صفحہ 9 نمبر 3)
کے نتیجے میں زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کی شناخت عونی ، محمد سعیدہ، احمد حلوانی، احمد السلائمہ، یحییٰ فراح اور ایہاب طبیہ کے نام سے کی گئی ہے۔ زخمی کھلاڑیوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران مزید 5 فلسطینی صحافیوں کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد صہیونی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی صحافیوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے الخلیل میں دورا کے مقام سے نشریات پیش کرنے والے مقامی ریڈیو چینل’السنابل‘ کے دفتر پرچھاپا مار کر دفتر کو سیل کر دیا اور وہاں پر موجود 5 صحافیوں کو حراست میں لینے کے بعد اذیتی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینی صحافیوں کی شناخت محمدعمران، نضال عمر، احمد دراویش، حامد نمورہ اور منتصر نصار کے ناموں سے کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے فلسطینی صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی پریس کلب 2 ارکان عمر نزال اور سرطان کے مریض صحافی بسام السائح کو چند ماہ قبل حراست میں لیا گیا۔ ان کی خرابی صحت کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بدھ کے روز فلسطین کے الخلیل شہر سے نشریات پیش کرنے والے ایک مقامی ریڈیو چینل ’السنابل‘ کے دفتر پراسرائیلی فوج نے دھاوا بول دیا تھا۔ صہیونی فوجیوں نے ریڈیو چینل بند کرنے کے بعد اس کی تمام مشینری قبضے میں لے لی اور عملے کو گرفتار کر دیا گیا ہے۔
فلسطینی کھلاڑیوں پر تشدد