امریکا بھارت گٹھ جوڑ کے خلاف پاکستانئی حکمے عملی تشکیل دے،میاں مقصود

117

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ خطے میں امریکا، بھارت گٹھ جوڑ ناکام بنانے کے لیے پاکستان کو چین، ترکی اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر نئی حکمت عملی تشکیل دینی چاہیے۔ امریکا، بھارت جنوبی ایشیا میں چین اور پاکستان کے اشتراک سے اکنامک کوریڈور کے منصوبے کوکامیاب ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عالم اسلام کے دیگر ممالک کو بھی امریکا، بھارت اور اسرائیل کے امت مسلمہ کے خلاف ناپاک عزائم پر متحد اور بیدار کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ اس لیے وسیع کررہا ہے کہ خطے میں امن کی فضا قائم نہ ہوسکے اور ایشیا کی ترقی کا عمل آگے نہ بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، بھارت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے سے ثابت ہوگیا ہے کہ امریکا پاکستان کے خلاف کھل کر سامنے آگیا ہے اور وہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے۔ امریکا اور بھارت کے درمیان نئے دفاعی معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کے فوجی اڈے استعمال کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد نام نہاد امریکی جنگ میں پاکستان نے فرنٹ لائن اتحادی بن کر گھاٹے کا سودا کیا تھا۔ آج یہ حقیقت واضح ہوگئی ہے کہ امریکا نے پاکستان کو حسب روایت دھوکا دیا ہے۔ افغانستان میں خانہ جنگی برپا کرکے امریکا اب مشرق وسطیٰ میں نئے محاذ شروع کرچکا ہے۔ جنوبی ایشیا میں بھی وہ اب بھارت کے ذریعے اپنی چودھراہٹ قائم رکھنا چاہتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کا عظیم منصوبہ امریکا اور بھارت کی نظروں میں کھٹک رہا ہے۔ ایک دوسرے کے فوجی اڈے استعمال کرنے کا حالیہ معاہدہ بھی اسی سازش کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اندرونی استحکام کے ساتھ ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ اگر کالا باغ ڈیم کی طرح خدانخواستہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ بھی ہماری اندرونی سیاست کی نذر ہوگیا تو یہ ملک وقوم کے لیے تباہ کن ہوگا۔