ایم کیو ایم کے آئین اور پرچم الطاف کا نام ہٹا دیا گیا،مائنس ون فارمولا قبول نہیں کریں گے،لندن سیکریٹرٹ

120

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیوایم پاکستان نے اپنے آئین اور پارٹی پرچم سے الطاف حسین کا نام ہٹادیا ہے۔ پی آئی بی کالونی میں ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ اور پی ایس 127 میں ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں لگائے گئے پرچموں میں اب متحدہ قائد کے نام کے بجائے پارٹی کا انتخابی نشان پتنگ نمایاں ہے۔دوسری جانب ایم کیو ایم لندن کی قیادت نے طویل خاموشی کو توڑے ہوئے مائنس الطاف فارمولے کو مسترد کردیا۔ لندن میں موجود ایم کیوایم کے رہنما واسع جلیل نے کہا ہے کہ الطاف حسین ایم کیو ایم اور ایم کیو ایم الطاف حسین ہیں،قائد ایم کیو ایم کے خلاف قومی اسمبلی میں قرار داد لانے کی مخالفت کرتے ہیں۔ لندن میں ہی مقیم رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفی عزیزآبادی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین کے بغیر ایم کیو ایم کچھ بھی نہیں ہے، ہم بانی تحریک کے خلاف کچھ بھی قبول نہیں کریں گے۔لندن رابطہ کمیٹی کے ایک اور رکن قاسم علی رضا نے بھی ٹوئٹ کیا ہے کہ ہم قائد تحریک کے ساتھ تھے اور انہی کے ساتھ رہیں گے، الطاف حسین کے علاوہ کچھ بھی قبول نہیں ہے۔مائنس ون فارمولے پر ایم کیو ایم لندن قیادت کا رد عمل سامنے آنے کے بعد متحدہ پاکستان نے رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں لندن سے کی جانے والی ٹوئٹس پر بات کی گئی۔ قبل ازیں ایک اور اجلاس میں متحدہ قائد کے خلاف قومی اسمبلی میں قرار داد لانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر میں طلب کیا گیا جس میں عامر خان، خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی اور لندن قیادت کی جانب سے رد عمل سامنے آنے کے بعد متحدہ پاکستان کے اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور اور لندن قیادت کے ٹوئٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں رہنماؤں کی مشاورت کے بعد ٹوئٹس سے لاتعلقی کے بارے میں بھی سوچ بچار کی گئی۔فاروق ستار نے رہنماؤں کو لندن قیادت کے بیان پر ردعمل دینے سے روکتے ہوئے کارکنان کو بھی ہدایات کی ہیں کہ لندن رابطہ کمیٹی کی جانب سے آنے والی فون کالزوصول کی جائے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کا جواب دیا جائے۔ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ پر بلائے گئے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم اور منتخب نمائندوں کو عوام میں جانے اور اْن کے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایات کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئیفاروق ستار نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین سے رہنمائی لینے کی شق آئین کے آرٹیکل 9بی کونکال دیا ہے ،آئین میں ہونے والی یہ ترامیم ہمارا پریکٹکل ہے، ہماری نیک نیتی پر شک نہ کیا جائے ،ہمیں آزمایا جائے اور ہمیں موقع دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ رابطہ کمیٹی میں سید سردار احمد،ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی، عبدالرؤف صدیقی اور خواجہ سہیل منصورکو شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان،خواجہ اظہار الحسن اور دیگر بھی موجود تھے۔