فوٹو سیشن پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں، ہارون میمن

168

13146سکھر( نمائندہ جسارت)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ صبرو برداشت اوراستقامت انسانی اقدار کی اعلیٰ مثالیں ہیں ۔ ہم نے کبھی بھی کسی بھی معاملے کو ضد یا انا کا مسئلہ نہیں بنایا۔ تاجروں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کیلیے بعض پس پردہ قوتوں نے سازشیں کیں جو کہ ناکام ہوچکی ہیں ۔ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس گھر آجائے تو اس کو بھولا نہیں کہتے، مجھے خوشی ہے کہ میرے ساتھی آج میرے ساتھ کھڑے ہیں اور میرے دست و بازو ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے ناراض ساتھیوں کی آمد اور ہر قسم کے اختلافات ختم کرنے کے اعلان کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کام ہوتا ہے وہاں کچھ ناراضگیاں بھی ہوجاتی ہیں مگر میں نے اپنے ناراض ساتھیوں کو منا لیا ہے اور وہ آج ہمارے مرکزی تاجر سیکرٹریٹ میں موجود ہیں اس خوشی کے موقع پر میں اپنے تمام تاجر بھائیوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ایک جسم کی مانند ہے تاجر تنظیمات اور ان کے عہدیدار میرے جسم کا حصہ ہیں جنہیں میں جدا نہیں کرسکتا اسی لیے انہیں منا نے کیلیے میں نے بہت کوشش کی اور وہ کامیاب ہوگئی ،میں اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہوں اس نے ایک مرتبہ پھر سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سکھر شہر میں نہ صرف تاجروں کے مسائل حل کرائے بلکہ بد ترین اور سنگین حالات میں ثابت قدمی کے ساتھ تاجروں کے حقوق کا ہمیشہ دفاع اور تحفظ کیا جس کی تاریخ گواہ ہے ہم نے کبھی بھی کسی سیاسی چھتری کا سایہ قبول نہیں کیا مگر مسائل کے حل کیلیے منتخب نمائندوں اعلیٰ افسران اور متعلقہ اداروں سے رابطے ہمارا حق ہے اسے اگر کوئی منفی طور پر لیتا ہے تو میں ان کی سوچ پر کیا کہہ سکتا ہوں۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ میں فوٹو سیشن اور پریس ریلیز جیسے معاملات پر یقین نہیں رکھتا بلکہ ہم عملی اقدامات اور پریکٹیکل ورک پر یقین رکھتے ہیں۔ سکھر کی تاجر برادری اور شہری اس بات کے گواہ ہیں کہ ہم نے ہمیشہ جس مسئلے پر آواز بلند کی اس کو حل کرکے دم لیا۔ آج تاجر برادری متحد و منظم ہے بعض لوگوں کی جانب سے ایک انتشار کی فضا پیدا کرنا در اصل خود کو نمایاں کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے لیے یہ بات خوش آئند ہے کہ آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز پہلے سے زیادہ مضبوط مستحکم اور منظم ہے یہ سب ہمارے اتحاد و یکجہتی کا ثمر ہے۔ آخر میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر تمام تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے متحد رہنے کا عہد کیا ہے۔ اس موقع پر ، عبدالمتین بندھانی، ملک رضوان الحق، حاجی محمد شفیع عباسی، شاکر کمبوہ ، مختیار کمبوہ ،شفیق کمبوہ ، طاہر خان، فیاض خان، حاجی انور وارثی، مولانا عثمان فیضی ، سید محمود الحسن، صابر کپتان، عبدالرحمن انصاری اور برکت علی سولنگی سمیت و دیگربھی موجود تھے۔