پرویزمشرف نے وطن فروشی کی احتساب ہوناچاہیے،پرویزرشید

116

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست نہیں پاکستان کے ساتھ خیانت کر رہے ہیں، 3 ستمبر کو دھرنا دینے والے پرویزمشرف کا احتساب کیوں نہیں کرتے، پرویزمشرف وطن فروشی کرکے جوپیسہ ملک لایا، اس کا حساب کون لے گا، ہم نے کسی کے مینڈیٹ کے راستے میں روڑے نہیں اٹکائے، ہم نے 2013 ء کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا اور جس کو جہاں اکثریت ملی اسے حکومت کرنے کا حق دیا، وہ جمعرات کو آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر سیاست کرنے والے ایک سال اور انتظار کرلیں، 2018ء کے انتخابات میں عوام پرچی کے ذریعے احتساب کریں گے، مخالفین کی سوچ منفی ہے، راولپنڈی کا ایک شخص کس اختیار کے تحت 20 کروڑ عوام کی منتخب کردہ حکومت کو ختم کرنے کی بات کرتا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ نواز شریف سے احتساب کرنے والے پرویزمشرف سے احتساب کی بات کیوں نہیں کرتے جس نے افغانستان کی جنگ لڑنے کے لیے اربوں ڈالر لیے پاکستان کی سرزمین گروی رکھ دی، پاکستان کے ہوائی اڈے دے دیے۔ انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف نے وطن فروشی کی اور اس کے عوض اس کو یہ پیسہ ملا، اس کا احتساب ہونا چاہیے،ان کا مزید کہناتھا کہ ہم نے مفاہمت کی سیاست کی، اس کے جواب میں ہمیں طعنے ملے۔