پشاور، جماعت اسلامی کے اجتماع عام کے لیے دعوتی مہم کا آغاز

168

13131شاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے اجتماع عام اضاخیل 22،23 اکتوبر کے لیے 50 روزہ دعوتی مہم کا آغاز دعائیہ تقریب سے ہوا۔ جمعرات کو المرکز الاسلامی پشاور میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کی صدارت میں دعائیہ تقریب ہوئی اور اجتماعی نوافل ادا کیے گئے۔ بعد ازاں ہاشم گڑھی جی ٹی روڈ پر گھر گھر دعوتی مہم کا آغاز ہوا۔ صوبائی امیر مشتاق احمد خان کی قیادت میں وفد نے گھر گھر جاکر دروازوں پر دستک دی اور دکانداروں اور مکینوں سے ملاقات کرکے ان کو اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی اور پمفلٹ تقسیم کیے۔ وفد میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال، جمعیت اتحاد العلما کے صدر عبدالاکبر چترالی اور ناظم مالیات عبدالحق سمیت مقامی ذمے داران شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے تاریخی بنائیں گے۔ لاکھوں مردو خواتین کو شریک کرایا جائے گا۔ 50 دن تک دعوتی مہم پورے صوبے میں چلے گی اور ہر گھر کے دروازے پر دستک دے کر ایک کروڑ افراد تک اجتماع عام کا پیغام پہنچائیں اور شرکت کی دعوت دیں گے۔ مہم آج سے پورے صوبے میں شروع ہوگئی ہے۔ اجتماع عام کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ درجنوں کمیٹیاں مسلسل کام کررہی ہیں۔ انتہائی جدید وسائل اور ماہرین کی ٹیمیں کام میں مصروف ہیں۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہمارا ہدف ہے۔ لوڈ شیڈنگ، غربت، پسماندگی، جہالت اور غیروں کی غلامی پاکستان کا مقدر نہیں۔ اجتماع عام اسٹیٹس کو اور نااہل قیادت سے نجات کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ اجتماع عام کے لیے وسائل اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا اجتماع عام دراصل صوبے کے عوام تک جماعت اسلامی کا انقلابی پیغام اور منشور پہنچانا ہے۔ کارکن اجتماع عام کا پیغام پہنچانے کے لیے دن رات ایک کردیں۔