پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی کا پول بارشوں نے کھول دیا

124

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لاہور شہر کو پیرس بنانے والی پنجاب حکومت کی بدعنوان انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول بارشوں نے کھول دیا ہے۔ چند گھنٹوں کی بارش کے باعث پانی سے شہر کی گلیاں، محلے اور سٹرکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی نظر آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں نکاسی آب کا نظام بوسیدہ ہوگیا ہے۔ جابجا گندگی و غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، گٹر اُبل رہے ہیں، نالیاں بہہ رہی ہیں، بلدیاتی نمائندے اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے بے بسی کی تصویر بنے کچھ کرنے سے قاصر دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقے اچھرہ، سمن آباد، رحمن پورہ، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، چونگی، مسلم ٹاؤن، ملتان روڈ اور اندرون شہر بیشتر آبادیاں واسا کے ناقص انتظامات کا خمیازہ بھگت رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک طرف حکمران اپنے من پسند منصوبوں پر عوامی پیسہ بہا رہے ہیں لیکن عوام صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔ شہر کے اہم مسائل کی جانب کوئی دھیان نہیں دے۔ لوگ بنیادی مسائل میں بری طرح گھرے ہوئے ہیں۔