آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹکٹ بیلٹ کھول دیا گیا

129

دبئی(جسارت نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2017ء کے لیے ٹکٹ بیلٹ کھول دیا گیا، بیلٹ آئی سی سی کی آفیشل ویب سائٹ پر ایک ماہ تک کھلا رہے گا اور شائقین کے پاس موقع ہے کہ وہ میچز کی ٹکٹوں کے لیے اپلائی کریں۔ بچوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 5 پاؤنڈ اور بڑوں کے لیے 20 پاؤنڈ سے شروع ہو رہی ہے، ایونٹ آئندہ سال یکم سے 18 جون تک انگلینڈ اینڈ ویلز میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کے مطابق ٹکٹ بیلٹ 30 ستمبر تک کھلا رہے گا اور شائقین جتنے میچز دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں اتنی ہی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں تاہم ہر درخواست گزار 4 سے 10 ٹکٹوں کے لیے درخواست جمع کرانے کا اہل ہو گا۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے ٹکٹوں کی قیمتیں مناسب رکھی ہیں تاکہ شائقین زیادہ سے زیادہ تعداد میں گراؤنڈ کا رخ کریں اور دلچسپ مقابلوں سے لطف اندوز ہوں۔ انگلش قائد ایون مورگن نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی اس وقت ہماری توجہ کا مرکز ہے اور ہم بھرپور تیاری کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کریں گے۔