ایمپلائز ویلفیئرایسوسی ایشن کا جامعہ کراچی میں احتجاج

129

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے گزشتہ روز ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات کے لیے احتجاج کیا گیا اور ریلی بھی نکالی گئی جس کی انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے بھی حمایت کی اور ان کا ساتھ دیا۔اس موقع پر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ضیا الحق نے کہا کہ ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جامعہ کراچی کی 350ملین گرانٹ فی الفور ریلیز کریں اور ساتھ ہی ناظم مالیات کو برطرف کرکے میرٹ کو ملحوظ رکھتے ہوئے اہل ڈائریکٹر فنانس کے تقرر کو یقینی بنایا جائے،ہائرایجوکیشن کمیشن جامعہ کراچی کو دی جانے والی گرانٹ کو پہلے کی طرح سہ ماہی بنیاد پر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گرانٹ میں اضافہ کرے تاکہ جامعہ کراچی کو مالی بحران سے نکالاجاسکے۔سنڈیکیٹ میں ایسا کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں ہوگا جس سے ملازمین کو نقصان پہنچے، اساتذہ کرام ، افسران اور ہندو برادری کے لیو انکیشمنٹ کو فوری طور پر عید سے پہلے ادا کیا جائے کیونکہ پوری سندھ کی جامعات میں لیو انکیشمنٹ ادا کردیا گیا ہے سوائے جامعہ کراچی کے۔آخر میں آل سندھ فیڈریشن کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر عید سے پہلے جامعہ کے اساتذہ وافسران اور ہندو برادری کو لیو انکیشمنٹ نہیں دیا گیا تو پورے سندھ میں ملازمین جامعہ کراچی کے افسران واساتذہ کے حق میں احتجاج اور قلم چھوڑہڑتال کریں گے۔واضح رہے کہ اس موقع پر اساتذہ کے صدر اور افسران نے بھی خطاب کیا اور سندھ حکومت اور انتظامیہ سے مذکورہ مطالبات پر فی الفور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔