تربت‘ فورسز کی مشترکہ کارروائی‘ کالعدم تنظیم کے 7 مشتبہ افراد گرفتار

107

کوئٹہ (نمائندہ جسارت/ اے پی پی ) فرنٹیئرکور بلوچستان اور حساس اداروں نے تربت کے علاقے میں مشترکہ کارروائی اور سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے7 مشتبہ افرادگرفتارکر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق تربت شہرکے علاقے تمپ میں مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 7مشتبہ افراد گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2ایس ایم جیز برآمد کرلیں۔گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔ادھردوسری طرف بلوچستان کے ضلع آواران اور تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹے اور نواسے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق آواران کی تحصیل جھاؤ کے موسل پیر میں رات گئے نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق جاں بحق افراد میں بائیان ،اس کا بیٹا پیرجان اور6 سالہ پوتا قنبر شامل ہیں۔ ایک اور واقعہ تربت کے علاقے دشت کپ کپار میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شوکت نامی شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے دونوں واقعات کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔