جے یوآئی کی ریلی اوردھرنے کے باعث ٹریفک کانظام درہم برہم

98

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جے یو آئی(ف) کی ریلی اور تبت سینٹر پر دھرنے کے باعث شہر بھر میں ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا ،اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام میں ہزاروں گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں دوسری جانب ٹریفک پولیس نے تمام گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑ دیا تاہم سڑکوں کی ابتر صورتحال اور تعمیراتی کاموں کی وجہ سے متبادل راستے بھی ٹریفک جام کا منظر پیش کرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام(ف) مقتول رہنما خالد سومرو کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر احتجاج کا فیصلہ کرتے ہو ئے جمعرات کی سہ پہر نمائش چورنگی سے ایک ریلی نکالی گئی جس کی منزل وزیر اعلیٰ ہاؤس تھی ،ریلی کے انعقاد کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام نے ایم اے جناح روڈ کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا اور اطراف کی تمام سڑکوں پر بھی ٹریفک روک دی جس پر ٹریفک پولیس نے تمام گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب موڑ نا شروع کردیا، اسی دوران ریلی کو پولیس حکام نے تبت سینٹر پر روک لیا جس پر شرکا نے ایم اے جناح رو ڈ پر دھرنا دے دیا جس کے نتیجے میں ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی دیگر سڑکوں جن میںآئی آئی چندریگر روڈ، عبداللہ ہارون روڈ،پریڈی اسٹریٹ ،کوریڈور 3،زیب النسا اسٹریٹ،ڈاکٹر ضیا الدین روڈ ،داؤد پوتہ روڈ ،کلب روڈ ،فوارہ چوک ،آغا خان سوئم روڈ ،شارع فیصل سمیت دیگر سڑکوں پر ٹریفک کانظام درہم برہم ہو گیا اور ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں بدترین ٹریفک جام میں پھنس گئیں، ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں پر موثر انتظامات نہ کیے جانے اور سڑکوں کی ابتر صورتحال اور تعمیراتی کاموں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو ااور تمام متبادل راستے بھی ٹریفک جام کا منظر پیش کرنے لگے،اس دوران متعدد ایمبولینسوں کو سول اور جناح اسپتال پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔