جے یو آئی کا دھرنا، سندھ حکومت کی خالد سومروقتل کیس فوجی عدالت بھیجنے کی یقین دہانی

223

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام (ف)نے اپنے رہنما خالد محمود سومرو کے قتل کیس کو فوجی عدالت نہ بھیجنے کے خلاف جمعرات کو کراچی میں نمائش چورنگی سے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کے لیے کفن پوش احتجاجی ریلی نکالی تاہم پولیس نے مظاہرین کو تبت سینٹر پر روک دیا جہاں جے یو آئی قائدین کے سندھ حکومت کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) نے اپنے مقتول رہنما مولانا خالد محمود سومرو کے قتل کیس کو فوجی عدالت میں نہ بھیجے جانے اور دیگر مطالبات کے حق میں جمعرات کو نمائش چورنگی سے احتجاجی ریلی نکالی جس میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی ۔ ریلی کی قیادت جے یوآئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو ، ڈپٹی سیکرٹری اسلم غوری، نائب امیر سندھ قاری محمد عثمان و دیگر کر رہے تھے ۔ریلی میں شرکت کے لیے سندھ کیمختلف شہروں سے آنے والے قافلے سپر ہائی اور شاہراہ پاکستان سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی پر جمع ہوئے جہاں سے انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب پیدل مارچ شروع کیا تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کو تبت سینٹر پر ہی روک دیا گیا ،جس پر مظاہرین نے وہیں دھرنا دے دیا،اس دوران مظاہرین او ر پولیس کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد آپ سے ملاقات کے لیے یہیں آرہا ہے ۔
ریلی کے شرکا کو تبت سینٹر پر روکے جانے پر جے یو آئی (ف) سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ تبت سینٹر سے مزار قائد تک 3 لاکھ افراد موجود ہیں اور ہمارا احتجاج مکمل طور پر پر امن ہے،وزیراعلیٰ سندھ ہمارے پرامن احتجاج کو نہ روکیں، اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو گورنر راج کا مطالبہ بھی کریں گے۔دھرنے کے باعث وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب بھی سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی گئی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور عبدالقیوم سومرو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے تبت سینٹر پہنچے جہاں حکومتی نمائندوں اورجے یو آئی کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ اس موقع پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مقتول خالد محمود سومرو کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور اسی حوالے سے آج حکومت سندھ نے وزارت داخلہ کو خالد سومرو قتل کیس فوجی عدالت میں منتقل کرنے کے لیے خط بھی لکھ دیا ہے جبکہ سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بھی جے یو آئی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ مشیر قانون کی یقین دہانی کے بعد جے یو آئی کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے دھرناختم کرنے کا اعلان کردیا۔