حکومت بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات و وسائل فراہم کرے‘ معراج الہدیٰ

141

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کو وسائل اور مکمل اختیار دے تاکہ وہ احسن طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دے سکیں ۔ انہوں نے کراچی سمیت سندھ بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ شہروں کی تعمیر ترقی ، صحت و تعلیم سمیت عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور
کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔معراج الہدیٰ نے کہا کہ بڑے عرصے سے بلدیاتی نظام اور منتخب نمائندے نہ ہونے سے پورا سندھ مسائلستان بن گیا۔ سندھ کے عوام پہلے ہی مہنگائی ، بے روز گاری اورصحت و تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کے فقدان سے پریشان تھے بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف عوام کے مسائل میں اضافہ ہوابلکہ کراچی ، سکھر، حیدرآبادسمیت پورا سندھ صحت و صفائی کے بے شمار مسائل کی لپیٹ میں ہے ۔سڑکیں تباہ اور سیوریج کا سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے معمولی بارش پڑتے ہی گلی محلے میں کھڑا پانی تالاب اور گندے جوہڑ کی شکل اختیار کر جاتا ہے،گندگی وکچرے کے ڈھیر کی وجہ سے بچے اسکول اور نمازیوں وپیدل چلنے والوں کا گزرنا مشکل ہوجاتا ہے جبکہ ہمارا دین صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے۔ اس لیے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی ذمے داری ہے کہ وہ شہروں کی تعمیر ترقی کے لیے کرپشن سے پاک اقدامات اور عوام کے مسائل کو حل کر کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں۔