روس کی پیرالمپکس گیمز میں شرکت کے حوالے سے آخری امید بھی دم توڑ گئی

137

ماسکو (جسارت نیوز) روس کی برازیل میں شیڈول پیرا لمپکس گیمز میں قومی ایتھلیٹس کی شرکت پر پابندی کے خاتمے کے حوالے سے آخری کوشش بھی ناکام ہو گئی، کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کے بعد سوئس سپریم کورٹ نے بھی روسی اپیل پر فوری فیصلہ سنانے سے انکار کر دیا جس کے باعث روس کی پیرالمپکس گیمز میں شرکت کے حوالے سے آخری امید بھی دم توڑ گئی۔ انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی نے ڈوپنگ اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد روس پر پیرالمپکس گیمز میں شرکت پر پابندی عائد کی تھی، روس نے آئی پی سی کی طرف سے عائد پابندی کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا تاہم عدالت نے اس کی اپیل مسترد کر دی تھی، بعدازاں روس نے سوئس سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تاہم عدالت نے کہا کہ روس نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی اسلئے وہ اپیل پر فیصلہ بعد میں سنائیں گے۔ واضح رہے کہ 100 سے زائد روسی ایتھلیٹس نے آئی پی سی سے پابندی کے خاتمے کی درخواست کر رکھی ہے۔