سرفرازمرچنٹ اورمکیش کمارکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

106

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی عمران امام زیدی نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور قیمتی گاڑی چھیننے کے الزام میں ملوث بانی ایم کیو ایم کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ کیس کے اہم کردار معروف تاجر سرفراز مرچنٹ اور مکیش کمار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، عدالت نے ملزمان کی شہر میں منقولہ اور غیر منقولہ جائداد کی بھی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کو فاضل عدالت میں سرفراز مرچنٹ کیخلاف گاڑی چوری کیس میں تفتیشی افسرنے رپورٹ پیش کی اور فاضل عدالت کو بتایاکہ ملزم سرفراز مرچنٹ مقدمے میں مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے، ملزم لندن میں مقیم ہے جبکہ ملزم مکیش کمار امریکا میں روپوش ہے، جس پر فاضل جج نے ملزمان کے
ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا ہے کہ ملزمان کے خلاف زیردفعہ 87،88اشتہاری قرار دیے جانے کی کارروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے، عدالت نے ملزمان کی شہر میں منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی بھی تفصیلات 24ستمبر تک طلب کرلی ہیں۔