صنعتوں کو چیلنجز سے نمٹنے کے لئیے اسلامی فنانس کانفرنس5 ستمبر سے شروع ہوگی،احمد علی صدیقی

129

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار 5ستمبر کو شروع ہونے والی عالمی اسلامک فنانس فورم کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس منفردکانفرنس میں محققین، ماہرِ تعلیم اور مختلف پریکٹیشنرز موجودہ دورمیں صنعتوں کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور اسلامی فنانس کی ترقی کو مزید تیز کرنے کے طریقوں پر غور کریں گے۔کانفرنس کا انعقاد CEIF آئی بی اے کے زیرِ اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں کیا جارہا ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے CEIF آئی بی اے کے ڈائریکٹر احمد علی صدیقی نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کانفرنس میں گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا، چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی، چیئر مین شریعہ ایڈوائزری بورڈمیزان بینک مفتی محمد تقی عثمانی، مختلف اسلامی بینکوں کے صدوراور کئی ممتاز ملکی اور غیر ملکی شخصیات شرکت کریں گی۔اس موقع پر میزان بینک کے صدر عرفان صدیقی ، دبئی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جنید احمد اور آئی بی اے کے ڈائریکٹر اور ڈین ڈاکٹر فرخ اقبال بھی موجودتھے۔احمد علی صدیقی نے مزید بتایا کہ کانفرنس میں ممتاز علماء کرام،معروف ماہرِ تعلیم کے علاوہ اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ اسٹیٹیوٹ(آئی آر ٹی آئی ،تھامسن رائٹر، ورلڈ بینک، اسلامک کارپوریشن فار ڈیویلپمنٹ آف پرائیوٹ سیکٹر، انٹرنیشنل اسلامک فنانس مارکیٹ ، اکاؤنٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹیٹیوٹس، ارنٹس اینڈینگ اور ڈیلائٹ کے نمائندے شرکت کریں گے۔آئی بی اے کے ڈین اور ڈائریکٹرڈاکٹر فرخ اقبال نے اس موقع پر بتایاکہ کانفرنس میں پیش کیے جانے والے تحقیقی مقالے اور کیس اسٹڈیز میں اسلامک فنانس کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ریگولیٹری اداروں ، اسلامی مالیاتی اداروں ، اسلامک بینکس، ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز، مشاورتی فرمز اور تکافل اداروں سے تعلق رکھنے والے پچاس سے زائد ماہرین بھی اس کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ معروف علماء اور پریکٹیشنرز پر مشتمل کمیٹی تحقیقی مقالات اور کیس اسٹڈیز کی جانچ کرے گی۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے تحقیقی مقالے اور کیس اسٹڈی کو پانچ ہزار ڈالر جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے تحقیقی مقالوں کو بالترتیب تین ہزار ڈالر اور دو ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔