عوام کے مسائل کے حل کیلیے سہولت ڈیسک کے قیام کی منظوری

107

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹرکھٹومل جیون نے عوام کے مسائل اور ان کے فوری حل کے لیے ڈویژنل سطح پر سہولت ڈیسک کے قیام کی منظوری دی، عوام بالخصوص اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے گریڈ18کے افسر کی تعیناتی کانوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا۔پی پی حکومت چیئرمین بلاول زرداری کی قیادت میں عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے مثبت اورمؤثر اقدامات اٹھارہی ہیں۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ مہینے میں کم از کم دوبار کھلی کچہری لگائیں تاکہ عوام کے مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہوسکے،اس سے قبل ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے محکمہ اقلیتی امور میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی کارکردگی جانچنے کے لیے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر ریاض احمد بھٹو کو سخت ہدایت جاری کی کہ وہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران اورٹھیکیدار کے خلاف ضابطہ کے مطابق سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔