لندن (جسارت نیوز) انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچز میں آئرلینڈ، ڈنمارک، بیلاروس اور چیک ریپبلک کی ٹیموں نے فتوحات حاصل کیں۔ مالٹا اور ایستونیا، روس اور ترکی، البانیہ اور مراکش کے درمیان مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔ انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچز کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک میچ میں ریپبلک آئرلینڈ نے شاندار کھیل کی بدولت حریف اومان کو با آسانی 4-0 گول سے ہرایا، اس فتح کے ساتھ ہی آئرش فٹ بالر روبی کین کا انٹرنیشنل کیریئر بھی اختتام ہو گیا۔ انہوں نے آخری میچ میں ایک گول بھی کیا۔ ایک اور میچ میں چیک ریپبلک نے آرمینیا کو 3-0 گول سے شکست دی، ڈنمارک نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-0 گول سے ہرایا، بیلاروس نے ناروے کو سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے شکست دی، مالٹا اور ایستونیا کے درمیان مقابلہ بھی دلچسپ رہا تاہم مقابلہ 1-1 گول برابری پر ختم ہوا، ترکی اور روس کے درمیان میچ بغیر کسی گول برابری پر ختم ہوا، دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول اسکور کرنے کے لیے سرتوڑ کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی۔ مراکش اور البانیہ کے درمیان مقابلہ بھی بغیر کسی گول کے برابر رہا۔